محمد ما پاؤچین نے8ہزار150کلو میٹر سفرسائیکل پرطے کیا
جدہ21اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ویسے تو ہرسال ہزاروں مسلمان دنیا کے کونے کونے سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس پہنچتے ہیں مگربعض عازمین حج اپنے سفر کی انفرادیت کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔ایسے ہی ایک مسلمان کا تعلق چین سے ہے جو سائیکل پرہزاروں کلو میٹر کا سفرطے کرکے حج بیت اللہ کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے ذرائعِ ابلاغ نے چین کے اس منفرد عازم حج محمد ما پاؤچین کے سفر کو غیرمعمولی کوریج دی ہے۔ پاؤچین نے تین ماہ قبل حج کے سفر کا آغاز چین کے علاقے شین جینگ سے کیا۔ موسمی تغیریات اور سفری صعوبتوں کو برداشت کرتے ہوئے وہ آخر کا اپنی منزل مقصود پر پہنچ گیا ہے۔ماپاؤچین نے سائیکل پر اپنے ملک سے سفر شروع کیا۔ جہاں سے وہ پاکستان میں داخل ہوئے۔اس کے بعد افغانستان، پھرایران اور عراق سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچے ہیں۔ ماپاؤچین کا کہنا ہے کہ چین سے پاکستان منتقلی کے بعد اس نے سعودی عرب کا ویزہ حاصل کیا کیونکہ ان کے پاس حج کا ویزہ نہیں تھا۔ حج کا ویزہ حاصل کرنے کے بعد اس نے سائیکل پر سفر شروع کیا، بحرین میں شاہ فہد پل عبور کرکے وہ دمام پہنچے جہاں سے ریاض، وہاں سے طائف اور پھر مکہ مکرمہ تک کل 8ہزار150کلو میٹر کا سفر حج سائیکل پرطے کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیاہے۔طائف پہنچنے پرچینی عازم حج کا مقامی شہریوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ چینی مسلمان کا کہنا ہے کہ سائیکل پر اس کا طویل سفر کئی حوالوں سے یادگار رہے گا۔ اس نے راستے میں آتے ہوئے قدرتی حسن کے نظارے دیکھے مگر سعودی عرب کے تاریخی مقامات کی زیارت سے حاصل ہونے والا روحانی سکون ہمیشہ یادرہے گا۔خیال رہے کہ چین میں مسلمان آبادی کی تعداد26ملین سے زائد ہے مگر ان میں سے صرف چند ہزار مسلمانوں کو ہرسال فریضہ حج کی ادائی کے لیے حجاز مقدس کے سفر کی اجازت دی جاتی ہے۔